بھوپال، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بالاگھاٹ میں آر ایس ایس کے ضلع پرچارک کو پولیس کی طرف سے پٹائی کئے جانے کے معاملے میں مدھیہ پردیش حکومت نے آج بالاگھاٹ کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ(اے ایس پی )راجیش شرما کو معطل کر دیا ہے۔اس سے پہلے اس معاملے میں ملزم پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کی کوشش کا معاملہ درج کیا جا چکا ہے۔ریاست کے وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے فون پر میڈیا کو بتایاکہ آر ایس ایس کے ضلع پرچارک سریش یادو کی پولیس پٹائی کے معاملے میں ریاستی حکومت نے آج بالاگھاٹ کے اے ایس پی راجیش شرما کو معطل کر دیا ہے۔اس سے پہلے شرما اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 307(قتل کی کوشش)کے تحت مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔پولیس کی طرف سے کی گئی پٹائی میں شدید زخمی سنگھ پرچارک یادو کا جبل پور کے ایک نجی اسپتا ل میں علاج چل رہا ہے۔وزیر داخلہ سنگھ نے کل اسپتا ل جاکر ان کا خیریت دریافت کی تھی ۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھوپال سے بالاگھاٹ بھیجی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے اس معاملے میں ملزم پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے ۔دو دن پہلے بالاگھاٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ است یادو نے سنگھ پرچارک یادو پر حملہ کرنے کے معاملے میں بیہر پولیس تھانے کے انسپکٹر ضیاء الحق اورسب انسپکٹر انل اجمیریا کو معطل کر دیاتھا ۔اس معاملے میں بیہر میں تعینات ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ(اے ایس پی )راجیش شرما، سٹی انسپکٹر ضیاء الحق اور سب انسپکٹر انل اجمیریا اور اے ایس آئی سریش وجے و ار اور دیگر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307(قتل کی کوشش)اور دفعہ 452 سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا جا چکا ہے۔